9 مئی: ایسی سزا ملے گی جو رہتی دنیا تک یاد رہے: وزیراعظم

May 10, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کی سازش پاکستانی ریاست کے ساتھ افواج پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی اور شکر ہے سازش دم توڑ گئی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں پر خوفناک حملے ہوئے۔ کابینہ اجلاس کا مقصد یہی ہے کہ ایوان قوم کی ملکیت ہے اور آپ کے حقوق کی ترجمانی کا مرکز ہے۔ پوری قوم کو یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ پیغام دیتے ہیں کہ اپنے شہدا، ہیروز اور ان کے اہل خانہ کو یاد رکھیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا مئی 2023 میں پی ڈی ایم حکومت ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کی کوشش میں لگی تھی، پی ڈی ایم کی حکومت 190 ملین پائونڈ کے معاملے کا نوٹس نہ لیتی تو شاید یہ حملے نہ کیے جاتے، 190ملین پاؤنڈ میں بددیانتی کا نوٹس نہ لیا جاتا تو شاید یہ حملے نہ ہوتے، شاید یہ حملے نہ ہوتے اگر چیف الیکشن کمشنر کا آفس فارن فنڈنگ کا نوٹس نہ لیتا، یہ حملے شاید نہ ہوتے اگر ایک کٹھ پتلی حکومت کو نہ ہٹایا جاتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن یہ بات رکھنی چاہیے کہ 9 مئی کے یہ حملے کیوں کیے گئے۔ جس طرح سے جتھے حملہ آور ہوئے کوئی اس کو برداشت نہیں کر سکتا، شاید یہ حملے نہ ہوتے اگر پی ڈی ایم حکومت خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچنے کا نوٹس نہ لیتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے فسادیوں کو قانون نے اپنی گرفت میں لیا، کوئی ملک اپنے ہیروز اور شہداء کے خلاف بدترین زبان برداشت نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے سوال کیا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود اب تک نو مئی کے مجرموں کو سزا نہیں ملی، پوری قوم ہم سے اور وہ ادارے جن کی ذمہ داری ہے ان سے سوال پوچھتی ہے۔ایسی سزا ملے گی جو رہتی دنیا تک یاد رہے گی۔ دریں اثنا نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب میں شریک تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے ورثا کے درمیان ہونا میرے لئے باعث فخر ہے۔ شہداء نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے راتوں کو سرحدوں پر پہرے دیئے، جانیں قربان کیں، اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا گئے۔ آپ کی عظمت کو پوری قوم سلام کرتی ہے۔ شہداء قوم کے ہیروز ہیں جنہوں نے خود کے ساتھ پاکستان کی تاریخ رقم کی، دشمن کے دانت ایک بار نہیں تین بار کھٹے کئے۔ شہداء کے ورثاء نے ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیاں کیں۔ دشمن نے 2019ء میں چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی، قوم آج اپنے شہداء اور غازیوں کو سنہری الفاظ سے یاد کر رہی ہے۔ پاکستان کا وجود آج ان سپوتوں کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کے جانثاروں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا۔ پاکستان نے پوری دنیا میں انہی شہداء اور غازیوں کی وجہ سے لوہا منوایا۔ جنہوں نے ملک کے خلاف بغاوت کی انہیں سزا ملے گی۔ سانحہ 9 مئی میں بے گناہوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا۔ 9 مئی کو پاکستان کو تقسیم کرنے کی گھٹیا حرکت کی گئی۔ جنہوں نے ریاست کیخلاف بغاوت کا ماحول پیدا کیا ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ شہداء کے ورثاء اطمینان رکھیں قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے۔ 9 مئی والوں کو ایسی سزا دیں گے جو رہتی دنیا تک یاد رہے گی۔

مزیدخبریں