اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کے ہولناک واقعات ملکی ترقی کو متاثر کرنے اور اس کے دفاع اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی بدترین کارروائیاں ہیں اور اس دن کو پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جب سیاسی طور پر اکسائے گئے ہجوم نے ملک بھر میں تباہی مچائی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آڈیٹوریم میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور 9 مئی 2023 کے واقعات کی مذمت کے لیے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایک سال گزر گیا لیکن قوم ان مجرموں کو نہ بھولی ہے اور نہ ہی بھولے گی۔جنہوں نے یہ جرم کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ایسا سانحہ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا جس کا مقصد پاکستان کے محافظوں کو کمزور اور بدنام کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ واقعات سازش کا نتیجہ ہیں اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے چہرے ہر صورت بے نقاب ہوں گے اور ان کا احتساب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی تنصیبات پر توڑ پھوڑ اور آتش زنی اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی وہ گھناؤنے جرائم تھے جن کے بارے میں پاکستان کے دشمنوں نے کبھی سوچنے کی ہمت بھی نہیں کی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے 9 مئی کی توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری تاجر برادری افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کی ترجیح پاکستان اور اس کی مسلح افواج ہیں۔تقریب سے تاجر رہنمائوں یوسف راجپوت، اختر عباسی، ملک شبیر احمد، راجہ حسن اختر، جمشید اختر شیخ اور چوہدری ممتاز نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مقصود تابش، چوہدری محمد علی ، عرفان چوہدری اور دیگربھی شامل تھے۔
9 مئی کے ہولناک واقعات ملکی ترقی کو متاثر کرنے کی سازش تھی، طارق فضل چوہدری
May 10, 2024