کوئی محب وطن شہری شہدا کی یادگاروں پر حملے نہیں کر سکتا، عاصمہ ارباب عالمگیر

May 10, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہا ہے کہ کوئی محب وطن شہری شہدا کی یادگاروں پر حملے نہیں کر سکتا، نو مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور اس روز ہونے والے واقعات ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش تھی،کسی بھی سیاسی جماعت کوپاکستان کی ریڈ لائن کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ برداشت نہیں کر سکتے کہ کوئی دہشتگرد ٹولہ حکومت میں آئے، نو مئی کے واقعات میں ملوث تمام لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیئے، پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی دوبارہ اس طرح کی جرآت نہ ہو سکے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،عاصمہ ارباب عالمگیرکا مزید کہنا تھا کہ09 مئی کو ہونے والے واقعات کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اپنے مذموم مقاصد کیلئے ہمارے نوجوانوں کیذہین سازی کی گئی، ریاست مدینہ کا نام لیکر ہماری ریڈ لائن پاکستان کو کراس کرنے کی کوشش کی گئی، ایک سال ہوگیا ہے ابھی تک نو مئی کے ملزمان کو سزا نہیں دی جا سکی۔

مزیدخبریں