ٹی20 ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا پانے والے کیوی کرکٹر کولن منرو نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
جارح مزاج اوپنر نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 123 بین الاقوامی میچز کھیلے، کولن منرو نے 35 ٹی20، 57 ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 3 ہزار رنز اسکور کیے۔اوپنر سال 2020 کے بعد سے نیوزی لینڈ کی نمائندگی سے محروم رہے تھے۔کولن منرو نے نیوزی لینڈ کیلئے 2006 انڈر-19 ورلڈکپ میں ڈیبیو کیا .
بعدازاں سال 2012-13 میں دورہ جنوبی افریقا کے دوران انہوں تینوں فارمیٹس میں مینز ٹیم کی نمائندگی کی۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کین ولیمسن کی کپتانی میں ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔ کیوی ٹیم میں فِن ایلن، ٹرینٹ بولٹ، ڈیوون کانوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل کو شامل کیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں جمی نیشم، گلین فلپس، رچن رویندرا، مچل سینٹنر، ایش سوڈھی، ٹم ساؤتھی بھی آئی سی سی ورلڈکپ میں جلوہ گر ہوں گے۔حال ہی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والی نیوزی لینڈ کی نوجوان ٹیم میں سے کپتان مائیکل بریس ویل اور مارک چیپ مین کو بھی ورلڈکپ میں موقع دیا گیا ہے۔
دوسری طرف ایڈم ملن ٹخنے کی سرجری کے باعث جبکہ کائل جیمیسن کمر کی انجری کے ری ہیب کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں بن پائے۔ ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ نے بین سیئرز کو ٹریولنگ ریزرو کے طور پر شامل کیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز یکم جون 2024 سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے جارہا ہے۔ اس حوالے سے قومی ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مختلف کھلاڑیوں کو آزمایا گیا ہے۔