اسلام آباد (مبین ملک+ نیشن رپورٹ) افغان حکومت کا طالبان حکومت کیساتھ مصالحتی منصوبہ ناکامی سے دوچار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ باخبر سفارتی ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ طالبان اور دیگر برسرپیکار گروپوں نے نہ صرف امن کونسل کو مسترد کر دیا ہے بلکہ انہوں نے افغان صدر سے بھی فاصلہ رکھا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان اور دیگر گروپوں نے افغان حکومت کو واضح انداز میں بتا دیا ہے کہ جب تک غیرملکی افواج افغانستان سے نہیں نکلتیں وہ امن کے کسی منصوبے میں شامل نہیں ہو سکتے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ امن منصوبہ کو اس لئے بھی دھچکا لگا ہے کیونکہ سعودی حکام طالبان اور افغان حکومت کے درمیان کسی بھی قسم کا کردار ادا کرنے سے انکار کر چکے ہیں تاہم سفارتی ذرائع افغانستان کے ہمسایہ ممالک کی جانب سے خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرنے سے بڑی اہمیت وابستہ کئے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں گذشتہ روز افغان صدر نے وزیراعظم گیلانی کو فون کیا اور انہیں دورہ کابل کی دعوت دی۔