بلڈنگ برجز کے عنوان سے ادوسٹی میں شروع ہونے والی سربراہی کانفرنس میں رکن ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سیاسی استحکام سمیت دیگر اہم معاملات پربھی پیش غور کیا جائے گا۔رواں برس منتخب کئے جانے والے عنوان کا مقصد رکن ممالک کے درمیان مختلف سطح پرروابط کو فروغ دینا، تعلیمی وفود کا تبادلہ، رکن ممالک کے ثقافت کو سمجھنے کی کوشش اورباہم اختلافات کو ختم کرنا ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی سمیت تمام رکن ممالک کے سربراہان بدھ کو مالدیپ پہنچ چکے ہیں جبکہ پاک بھارت وزرائے خارجہ غیر رسمی ملاقات بھی کرچکے ہیں۔ ادھر پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ بھوٹان کے ہم منصب جگمے یوسر تھِنلے سے ملاقات ہوئی جس میں علاقائی مسائل اور دوطرفہ تعلقات تعاون کوبڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سارک سربراہی کانفرنس ہیتھا دو کنونشن سنٹرمیں منعقد کی جارہی ہے جسے خصوصی طورپرمالدیپ کی ثقافت کو سامنے رکھ کر تیارکیاگیاہے۔