سکھر میں سمال ٹریڈرز کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ملکی مسائل کے حل اور عوامی مشکلات میں کمی لانے کے لیے تین سال سے زائد عرصہ حکومت کا ساتھ دیا لیکن حکومت ہر محاذ پر ناکام رہی اور ذوالفقار مرزا نے پیپلزپارٹی کی کرپشن کو بے نقاب کردیا ہے۔ جس کے بعد مسلم لیگ کی قیادت نے ملک و قوم کی مزید تباہی سے بچانے کے لیے گو زرداری گو تحریک چلانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے ان کی کوئی محاذ آرائی نہیں تاہم کسی بھی پارٹی کے جلسوں سے انتخابی نتائج کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ ایک سوال پر سید غوث علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق صوبائی حکومت محض دعوے اور اعلان کر رہی ہے جبکہ نوازشریف نے خود سندھ میں آکر عملی طور پر متاثرین کی مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔