بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر سے انخلا کا وقت آ گیا: میرواعظ عمر فاروق

Nov 10, 2011

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (جاوید صدیق) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کو کالے قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں جو اختیارات حاصل ہیں اس سے دستبردار نہیں ہونا چاہتی، بھارت اور اس کی فوج دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے، سرینگر سے فون پر نوائے وقت کے استفسارات پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کے نہ صرف اختیارات کم ہونا چاہئیں بلکہ اب بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر سے انخلا کا وقت آگیا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق سے پوچھا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداﷲ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے اختیارات کم ہونا چاہئیں کیا وہ حقیقی طور پر ایسا چاہتے ہیں تو میر واعظ نے کہاکہ گزشتہ تین برس میں مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسند کمانڈروں نے کوئی کارروائی نہیں کی اس وقت مقبوضہ کشمیر میں پرامن تحریک چل رہی ہے لیکن اس پرامن تحریک کو کچلنے کے لئے بھارتی فوج نے طاقت کا استعمال کر کے سینکڑوں طلبہ اور نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے بھارتی فوج کے سربراہ ہر چند ہفتوں کے بعد یہ بیان دیتے ہیں کہ چار یا پانچ سو عسکریت پسند حملے کیلئے تیار بیٹھے ہیں یہ سراسر بہانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو اربوں روپے آپریشنوں کے لئے مل رہے ہیں جسے وہ غبن کرتی ہے اس لئے وہ نہیں چاہتی کہ اس کے اختیارات کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو گمراہ کیا جارہا ہے بھارتی فوج مسلسل مظالم ڈھا رہی ہے حال ہی میں جو گمنام قبریں دریافت ہو رہی ہیں وہ ان کشمیری نوجوانوں کی ہیں جنہیں بھارتی فوج نے شہید کر کے دفن کر دیا تھا اب عالمی اداروں کو مداخلت کر کے مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلاءکو یقینی بنانا چاہئے۔
مزیدخبریں