اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر فریدہ راشدنے کہا ہے کہ ہ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ تعلیم، خود انحصاری اور اقتصادی خوشحالی کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔حکومت اس بینک کو اضافی فنڈ فراہم کرے تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے یہ بات ویمن بینک کے بزنس ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں خواتین کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ویمن چیمبر کی سابق صدر عالیہ اکرم، عہدیدار و ممبران ،ویمن بینک کی بزنس ڈویلپمنٹ کی سربراہ پروین خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔فریدہ راشد نے کہا کہ خواتین کی نمائش کا اہتمام خوش آئند ہے جس سے انکی اقتصادی صلاحیت ،آگہی اوررسائی بڑھے گی اور انھیں با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام بینک خواتین کے لئے شرح سود اور قرضہ کی شرائط نرم کریں اور تمام شعبوں خصوصاً بینکاری میں خواتین کا تناسب بڑھایا جائے۔ہم امتیازی سلوک اور مشکلات کے باوجود آگے بڑھ رہے ہیں لیکن ہمیں زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت خواتین کی ترقی کے اقدامات میں مزید دلچسپی کا مظاہرہ کرے تاکہ سماجی استحصال کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔