پنجاب بنک، سٹیل مل، رینٹل پاورکے لٹیرے اکٹھے ہو گئے: زعیم قادری

Nov 10, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب زعیم حسین قادری نے کہا ہے پرویز الٰہی نے درست کہا ہے لٹیروں کو لٹیروں کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آتا ہے، اس لئے پنجاب بنک، این آئی سی ایل، سٹیل مل، رینٹل پاور اور پی آئی اے کے لٹیرے اکٹھے ہو گئے ہیں اور مل کر کرپشن کو ”انجوائے“ کر رہے ہیں۔ پرویز الٰہی کے اس بیان ”وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھ کام کرنے کا مزہ آ رہا ہے“ پر تبصرہ کرتے ہوئے زعیم حسین قادری نے کہا چودھری خاندان کی ساری سیاسی زندگی احسان فراموشی، ابن الوقتی اور محسن کشی سے عبارت ہے اور انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات کے حصول کے لئے اپنے محسنوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب میں وزیر بلدیات اور بعدازاں سپیکر اسمبلی بنایا، اس کے علاوہ چودھری شجاعت کو ان کی پسند پر داخلہ سمیت دیگر اہم محکموں کی وزارتیں دیں لیکن جب ایک آمر نے منتخب حکومت کو برطرف کیا تو چودھری برادران تمام احسانات فراموش کر کے پرویز مشرف سے جا ملے۔ مشرف کا اقتدار ختم ہونے پر چودھری برادران اسے بھی چھوڑ کر خود کو قاتل اعلیٰ کہنے والے صدر زرداری کے ساتھ مل گئے۔ زعیم حسین قادری نے کہا یہ بات طے شدہ ہے اقتدار ختم ہوتے ہی چودھری برادران اپنی فطرت کے عین مطابق صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کو بھی چھوڑ جائیں گے۔ میٹرو بس منصوبے سے ایک کروڑ سے زیادہ آبادی والے شہر کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی آرام دہ اور تیز رفتار سہولت میسر آئے گی تاہم اس منصوبے کی افادیت چودھری پرویز الٰہی کی سمجھ سے بالاتر ہے اسی لئے وہ اس پر بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں