لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقت نیوز + نوائے وقت نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں مفکر پاکستان، شاعر مشرق علامہ اقبالؒکا 135 واں یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل رہی۔ ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے شاعر مشرق کی ملی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقےدت پیش کیا۔ لاہور میں مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبالؒ پر اپنے فرائض سنبھالے۔گورنر پنجاب، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنوں نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی اور پھولوںکی چادریں چڑھائیں۔ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی جانب سے یوتھ ونگ کے کارکنوں سمیت میاں غلام حسین شاہد نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی۔ مسلم لیگ(ن) لائرز کی جانب سے خواجہ محمود احمد وکلاءکی کثیر تعداد کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر آئے۔فاتحہ پڑھی اور پھولوںکی چادر چڑھائی۔ مسلم لیگ ہمخیال کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل چوہدری ناصر محمود اور مسلم لیگ ہمخیال کے رہنما عمران احمد خان نے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شیخ رضوان سمیت مزار اقبالؒ پر حاضری دی۔ مسلم لیگ ن شیخوپورہ کے صدر عارف سندھیلہ مسلم لیگی کارکنوں کے بڑے گروپ کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر آئے اور انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ مسلم لیگ ن کی خواتین نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی ان میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونین نسرین نواز، فرزانہ بٹ، رخسانہ کوکب، صغریٰ عائشہ، نسیم بانو ،رخسانہ نور سمیت مسز ملک اور غزالہ نصرت بیگ شامل تھی۔ان خواتین نے دیر تک مزار اقبالؒ پر علامہ اقبالؒ، قائداعظمؒ، نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں علامہ اقبالؒ کے یوم ولادت پر اپنے پیغامات میں صدرآ صف علی زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عظیم فلسفی شاعر اور پربصیرت شخصیت علامہ اقبال کی بدولت آج ہم زندہ قوم ہیں، علامہ اقبال کا پیغام انسانیت اور اعلی اخلاقی اقدار کے قیام پر مبنی ہے۔صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم علامہ اقبال کے اسلامی افکار کو پھیلا کر شرپسند عناصر کو شکست دے سکتے ہیں۔ فرقہ وارانہ تعصبات، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کو جدید مملکت بنائیںگے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعلامہ اقبالؒ کی بے مثال خدمات کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ برصغیر کے مسلمانوں کا اتحاد، تحریک آزادی کی کامیابی علامہ اقبالؒ کی سیاسی جدوجہد کے مقاصد تھے۔
علامہ اقبالؒ کا یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا
Nov 10, 2012