بنگلہ دیش ماضی کو دفن کرے، یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے: حنا ربانی کھر

Nov 10, 2012

ڈھاکہ (نوائے وقت نیوز) ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد سے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق حنا ربانی کھر نے صدر زرداری کی جانب سے ڈی 8 اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ بنگلہ دیشی وزیراعظم کو دیا۔ وزیراعظم حسینہ واجد اور حنا ربانی کھر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان بنگلہ دیشی وزیراعظم عبدالکلام آزاد کے مطابق اس موقع پر بنگلہ دیشی وزیراعظم حسےنہ واجد نے کہا کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ، وزیر خارجہ بنگلہ دیش ڈاکٹر ڈیپو مونی اور دیگر اعلیٰ حکام ملاقات میں شریک تھے جبکہ حنا ربانی کھر نے بنگلہ دیشی ہم منصب دیپومونی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان 1971ءمیں بنگالیوں کے قتل عام پر باضابطہ معافی مانگے۔ معافی سمیت دیرینہ مسائل کے حل تک تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کئی مواقع پر 1971ءکے واقعات پر افسوس کا اظہار کر چکا ہے، یہ ماضی کو دفن کر کے آگے بڑھنے کا وقت ہے۔

مزیدخبریں