اسلام آباد (ثناءنیوز) ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق قانون سازی اور اس کے نفاذ کے لیے رائے عامہ کو متحد کیا اور تحریک چلائی جائے گی۔ کل بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مسجد ، مدرسہ، درگاہ ، پیر ،مرید ، مشائخ اور تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کی نمائندگی ہوگی۔ تمام دینی ومذہبی جماعتوں کے قائدین منور حسن ، فضل الرحمان ،ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر ، علامہ ساجد نقوی ، وفاق المدارس کی قیادت ، ممتاز علماءمشائخ اور بین الاقوامی اسلامی تحریکوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ امت مسلمہ کے مشترکہ ایجنڈے کا اعلان کیا جائے گا۔ ملک میں امریکی دباﺅ پر دینی مدارس پر چھاپے مارے جا رہے ہین ۔ بیرونی سازشوں کی ناکامی کے لیے مدارس اور دینی جماعتوں کو یکجان ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد و سیکرٹری اطلاعات محمد خان لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ تاریخی اتحاد امت کانفرنس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا جو کچھ کہتا ہے اسے سچ اور جھوٹ تسلیم کیا جاتا ہے ۔ اسلام کے عادلانہ نظام کو اسی مغربی میڈیا نے مسخ کیا ہے اور اسی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ وابستہ کرنے کی کوشش کی۔ عدل وانصاف سے عاری مغربی معاشرہ دنیا میں فساد اور ظلم کو فروغ دے رہا ہے۔ منصوبہ بندی کے تحت خود ساختہ لوگوں کی سرپرستی کرتے ہوئے ان کے ذریعے اسلام کا غلط تاثر پھیلایا گیا۔ اس تاثر کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام مکاتکب فکر اور جماعتوں کو اغیار کی سازشوں کا ادراک ہونا چاہیے۔