اسلام آباد (قدسیہ اخلاق / نیشن رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز آج ایشیا یورپ وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے نئی دہلی جائیں گے۔ یہ کانفرنس 11 اور 12 نومبر کو نئی دہلی میں ہو رہی ہے۔ سرتاج عزیز کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے بھی ملیں گے جبکہ انکی بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ مشیر خارجہ چین، فرانس، جرمین، رومانیہ، سپین اور بلغاریہ کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران سرتاج عزیز حریت قیادت سے بھی ملیں گے۔ پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر نے حریت رہنماؤں میرواعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی، یاسین ملک، شبیر شاہ، عبدالغنی لون اور آسیہ اندرابی کو عشائیہ کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت سے ملاقات (آج) اتوار کو پاکستانی سفارتخانے میں ہو گی۔ علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کے ساتھ مسئلہ کشمیر اور بھارت کے ساتھ مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کشمیری قیادت کو باضابطہ آگاہ کردیا گیا ہے۔ حریت قائدین کو ملاقات کی دعوت نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور منصور احمد نے فون کر کے دی۔ یاسین ملک نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا انہیں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے فون کر کے پاکستانی سفارتخانہ آنے کی دعوت دی تاکہ سرتاج عزیز کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ ملک یاسین نے مزید بتایا ملاقات کے دوران لازمی طور پر مسئلہ کشمیر کے حل اور پاکستان بھارت کے درمیان تعطل کے شکار مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ میر واعظ عمر فاروق نے بھی پاکستانی ہائی کمشن کی طرف سے دعوت دیئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کے دوران لازمی طور حریت لیڈر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کریں گے۔میر واعظ نے کہا وہ اپنے کچھ قریبی رفقا یعنی حریت کانفرنس (ع) کے سینئر لیڈران کے ہمراہ نئی دہلی پہنچیں گے۔ حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر نے بتایا انہیں منصور احمد خان نے جمعہ کے روز فون کر کے مطلع کیا۔ سرتاج عزیز، علی گیلانی کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ خیال کی خواہش رکھتے ہیں۔ ایاز اکبر نے بتایا سید علی گیلانی قریبی رفقا اور سینئر حریت لیڈران کے ساتھ مشاورت کے بعد مجوزہ ملاقات کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ ثنا نیوز کے مطابق ایشیا یورپ وزرائے خارجہ کانفرنس میں یورپ اور ایشیا کے ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی جائیگی۔ کانفرنس میں چین، جاپان، کوریا، بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، روس، نیوز لینڈ، بنگلہ دیش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس میں خارجہ امور معیشت، اقتصادیات، ماحولیات پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔