الیکشن کمشن کو بتائے بغیر چیف سیکرٹری سندھ کو تبدیل کر دیا گیا

اسلام آباد (ثناء نیوز) چیف سیکرٹری سندھ اعجاز چودھری کا تبادلہ کردیا گیا۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے سجاد سلیم ہوتیانہ کی بطور چیف سیکرٹری سندھ تقرر کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ چودھری اعجاز کو بطور سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن تعینات کردیا گیا جبکہ اظہر حسن شمیم کی بطور ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے یو ای ٹی پشاور کے وائس چانسلر امتیاز گیلانی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کا قائم مقام چیئرمین تعینات کردیا ہے جبکہ یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ میں راحیلہ مگسی کو پاکستان کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل شہناز وزیر علی اس عہدے پر اپنے فرائض انجام دے رہی تھیں۔نیشن کی رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمشن سے اجازت لی گئی اور نہ ہی اس کو آگاہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل الیکشن کمشن نے بلدیاتی الیکشن کے باعث تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن