شیخوپورہ+ فیروزوٹواں+ قصور (نامہ نگار خصوصی+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں شیخوپورہ،3 قصور میں 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں ننکانہ صاحب روڈ پر فیروزوٹواں کے نزدیک تیز رفتار ٹرک اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں فرو ٹ منڈی لاہور کاریڑھی بان محمد رمضان اور اس کے دو بھتیجے 18سالہ محمد ناصر مشتاق اور پانچ سالہ علی حمزہ شامل ہیں، حادثہ کے دوران متوفی محمد ناصر مشتاق کا والد مشتاق احمد بھی شدید زخمی ہو گیا جس کو مخدوش حالت کی بناءپر سول ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے حادثہ کے بعد ٹریفک پولیس کا عملہ کافی تاخیر سے جائے حادثہ پر پہنچا جس کا فائدہ اٹھاتے کوئلہ سے لدے ہوئے ٹرک کا ڈرائیور سمیت تمام عملہ ٹرک کو وہیں چھوڑ کر فرار ہو گیا، متوفی محمد ناصر مشتاق بھی اپنے چچا کے ساتھ فروٹ مارکیٹ لاہور میں پھل کی ریڑھی لگاتا تھا۔ وہ چاروں ایک ہی موٹر سائیکل پر شیخوپورہ سے اپنے گاﺅں محمد والہ واربرٹن جارہے تھے پیچھے سے تیز رفتارٹرک ان کی موٹر سائیکل پر چڑھ گیا جس کے نتیجہ میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ مشتاق احمد شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں قصور میں حبیب آباد کے قریب ٹرک کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار عبدالستار اور خالد جاں بحق ہوگئے۔
حادثات
ٹریفک حادثات، شیخوپورہ میں 3، قصور میں 2 افراد جاں بحق
Nov 10, 2014