اردن : تربیتی سینٹر میں پولیس کیپٹن کی فائرنگ‘ دو امریکیوں سمیت سات افراد ہلاک‘ حملہ آور بھی مارا گیا

عمان (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی+ رائٹرز) اردن میں امریکہ نے دعویٰ کیا ہے پولیس ٹریننگ سنٹر میں فائرنگ سے 2 امریکیوں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ اردنی ترجمان نے کہا ہے کہ مرنے والے صرف 5 ہیں جن میں 2 امریکی، 2 اردنی، ایک جنوبی افریقن شامل ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں جنوبی افریقہ کا ایک ٹرینر 3 اردنی بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوئے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ دارالحکومت عمان سے باہر واقع ایک تربیتی سنٹر میں پیش آیا۔ سکیورٹی ذرائع نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا حملہ آور اردن کی پولیس کا ایک اہلکار تھا۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا فائرنگ کے نتیجے میں دو امریکی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ ابھی تک فائرنگ کے محرکات کا اندازہ نہیں ہو سکا۔ امریکہ کی مالی مدد سے چلنے والے اس تربیتی مرکز میں عراقی اور فلسطینی افسران کو تربیت دی جاتی ہے۔ اردن حکومت کے ترجمان محمد مومنی نے بتایا حملہ آور کو سکیورٹی فورسز نے مار دیا جبکہ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا حملہ آور سینئر ٹرینر تھا اور اس کا عہدہ کیپٹن ہے۔ مومنی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا فائرنگ کا واقعہ ایک جرم ہے اور اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے مرنے والے امریکی حکومت کے ملازم نہیں تھے بلکہ وہ کنٹریکٹر تھے جو سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی عالمی نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو کے تحت کام کر رہے تھے۔ فائرنگ کا واقعہ عمان ہوٹلوں پر خودکش حملوں کی 10ویں برسی کے موقع پر کی گئی۔ ان حملوں میں 60 افراد مارے گئے تھے۔
اردن فائرنگ

ای پیپر دی نیشن