ہڈیارہ کے قریب فیکٹری میں آئل ٹینکر کو آگ لگنے سے پانچ مزدور زندہ جل گئے‘ پانچ شدید زخمی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار + خبرنگار) ہڈیارہ کے قریب نتھوکی گاﺅں میں فیکٹر ی کے اندر آئل ٹینکر کو آگ لگنے سے 5مزدور زندہ جل گئے جبکہ 5افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جن میں 3کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ہڈیارہ کے علاقہ نتھوکی گاﺅں میں ٹی آر بنانے والی فیکٹری میں جنریٹر چلانے و دیگر اشیاءکے استعمال کیلئے ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکرکھڑا تھا جبکہ قریب مزدور ویلڈنگ کر رہے تھے ویلڈنگ کے دوران اچانک ایک چنگاری آئل ٹینکر کو جا لگی جس سے آگ بھڑک اٹھی اور وہاں موجود افراد کو بھاگنے کا موقع بھی نہ ملا۔ 5مزدور زندہ جل کر موقع پر دم توڑ گئے جن میں عمران، عبدالرشید، ساگر، عمران اور اشفاق شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کےلئے اقدامات شروع کر دئیے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دئیے پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات اور آلات کی موجودگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی اور تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
5 مزدور زندہ جل گئے

ای پیپر دی نیشن