اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو اب شکست تسلیم کرلینی چا ہیے‘ عمران خان بھی خیبر پی کے میں محنت کریں ‘ہمیں بھی پاکستان کی خدمت کرنے دیں‘اور لوگوں کی جمہوریت سے وابستہ امیدوں کو پورا کرنے دیں۔ وہ پیر کو یہاں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت کے لیے اسنیپ الیکشن کڑوی گولی ہوتی ہے ۔ عمران خان نے دھرنوں اور الزام تراشیوں میں وقت ضائع کیا۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ بھی محنت کریں ہمیں بھی پاکستان کے عوام کی خدمت کرنے دیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ایاز صادق کی جیت نہیں جمہوری اقدار کی جیت ہوئی ہے۔