برطانیہ میں مظاہروں سے مودی کے استقبال کی تیاریاں، پارلیمنٹ بلڈنگ پر ہٹلر جیسی شبیہہ بنا دی گئی

لندن (نیوز ڈیسک + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے 3 روز بعد ہونے والے دورہ برطانیہ کے حوالے سے ’’استقبال‘‘ کی تیاریاں زور پکڑ گئیں۔2 ایشیائی تنظیموں نے برطانوی پارلیمنٹ کی عمارت پر مودی کے خلاف نعرہ ’’مودی کا خیرمقدم نہیں کرتے‘‘ لکھ دیا۔ نعرے کے نیچے لیزر لائٹ سے مودی کی ایک تصویر بنائی گئی تھی جس میں مودی کے ایک ہاتھ میں تلوار اور دوسرے ہاتھ میں ہٹلر کا امتیازی نشان سواستیکا بھی بنا ہوا تھا۔ ایشیائی باشندوں کی تنظیموں سائوتھ ایشیا سالیڈیریٹی اور آواز نیٹ ورک نے واضح کیا ہے یہ تصویر مودی اور آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریات کی عکاس ہے۔ مودی کے خلاف 12 نومبر کو ڈائوننگ سٹریٹ اور 13 نومبر کو ویمبلے سٹریٹ پر مظاہرہوں گے۔ آواز نیٹ ورک نے اپنی متعدد ٹوئیٹس میں واضح کیا ہے کہ نریندر مودی گجرات میں 2002ء کے مسلم کش فسادات کے مجرم ہیں ان کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہیں ہم اپنے احتجاج کے ذریعے نریندر مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ نریندر مودی نے گجرات میں طے شدہ منصوبے کے تحت بے گناہوں کو مروایا انہیں خون ناحق بہانے کا جواب دینا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن