ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جائیں: شیخ ارشد

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اصلاحات متعارف کرائے۔ وہ ٹیکس لائرز کے پچیس رکنی وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان ٹیکس فورم کے صدر ذوالفقار خان، عامر قدیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام کی وجہ سے معیشت کو سنگین مسائل درپیش ہیں جنہیں بروقت حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر نافذ نہیں کی جاتیں لہذا ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہوگا۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ ٹیکسوں کی شرح میں کمی کرکے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں خامیوں کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت پر زور دے رہا ہے کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر سے بوجھ کم کرنے کے لیے ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے لیکن اس کے لیے تاجر برادری سے مشاورت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی بہت زیادہ تعداد کم کرکے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں آنے پر راغب کیا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن