اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو یہاں وزارت اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی شعبے میں آسانی کے حامل دنیا کے 10 بہترین ممالک میں شامل ہے اور اقتصادی بہتری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا میں اس پیغام کو اجاگر کیا جانا چاہئے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔ وزیر مملکت نے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے افسران سے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے غیر ملکی میڈیا سے قریبی روابط استوار کریں۔ حکومت رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اس لئے بیرون ملک پریس افسران سے توقع ہے کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی اہمیت کے مختلف ایشوز پر پاکستان کے موقف کو واضح طور اجاگر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور حکومت کی ان کامیابیوں کو واضح کرنا چاہئے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کا دورہ کیا اور آزادی اظہار رائے اور آزاد میڈیا کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا نے زبردست ترقی کی ہے جو لوگوں کو آگاہی، تعلیم اور تفریح کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ فعال رابطہ رکھیں کیونکہ یہ ہم آہنگی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے نصب العین کیلئے معاشرے کی مثبت رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مریم اورنگزیب
پاکستان کا تشخص بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب
Nov 10, 2016