اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی شعبے میں آسانی کے حامل دنیا کے 10 بہترین ممالک میں شامل ہے اور اقتصادی بہتری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا میں اس پیغام کو اجاگر کیا جانا چاہئے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔ وزیر مملکت نے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے افسران سے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے غیر ملکی میڈیا سے قریبی روابط استوار کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور حکومت کی ان کامیابیوں کو واضح کرنا چاہئے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کا دورہ کیا اور آزادی اظہار رائے اور آزاد میڈیا کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آبادپاکستان کا تشخص بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے: مریم اورنگزیب
Nov 10, 2016