اسلام آباد(نوخیز ساہی، نیشن رپورٹ) خیبر پی کے حکومت نے وفاق کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کو ریلیو کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ وفاقی حکومت کے 3نومبر کی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ19کے آفیسر جو کہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ طاہر شاہ کے تبادلے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے28اکتوبر کو کوہاٹ میں وزیر اعظم کے جلسہ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کو احتجاجی ریلی نکالنے سے روکنے میں ناکامی پر ظاہر شاہ کے تبادلے کے احکامات جاری کیے تھے۔ ،خیبر پی کے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی درخواست پر ظاہر شاہ کو ریلیو نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے ظاہر شاہ کو پیغام دیا ہے کہ وہ خیبر پی کے میں ہی اور اسی عہدے پر کام کرتے رہیں۔ اس سے پہلے وفاقی حکومت نے ڈی پی او کوہاٹ کو بھی ٹرانسفر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جو کہ خیبر پی کے حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔