لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے لاہور سٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ فاضل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے کسی بھی قسم کا مالی فائدہ نہیں اٹھایا۔ الزامات بے بنیاد ہیں۔ اصل ملزمان کو بچانے کیلئے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے لہذا درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ نیب کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ماسٹر پلان کی منظوری کے بغیر ہی پراجیکٹ کی منظوری دی۔ صرف چار ہزار دو سو باون کنال اراضی ہونے کے باوجود معاہدے پر دستخط کئے اور پراجیکٹ کا اعلان ہوتے ہی دس ہزار چھ سو گیارہ درخواستیں موصول ہوئی اور 3 ارب 63 کروڑ 30 لاکھ شہریوں سے حاصل کیے گئے۔ نیب حکام نے مزید موقف اختیار کیا کہ شہداء کے لیے تیس فیصد پلاٹس کوٹے کی شرط پوری کیے بغیر ہی ملزم بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نزیر بٹ نے پراجیکٹ کی منظوری دی۔