برجیس طاہر کی دعوت پر وزیراعظم نوازشریف کل سانگلہ ہل انٹرچینج کا افتتاح کرینگے

سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم نوازشریف کل وفاقی وزیر چودھری برجیس طاہر کی دعوت پر سانگلہ ہل انٹر چینج کا افتتاح کرینگے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم میاں نوازشریف کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، شہر اور حلقہ بھر کو دلہن کی طرح سجادیا گیا۔ میاں نوازشریف نے انتخابی مہم کے دوران چوہدری برجیس طاہر کے مطالبہ پر اقتدار میں آکر سانگلہ ہل کیلئے انٹر چینج تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیراعظم کل 2 بجے دوپہر سانگلہ ہل انٹر چینج پر پہنچیں گے، تختی کی نقاب کشائی کے بعد بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اور دیگر سرکاری افسران نے جلسہ کیلئے مجوزہ جگہ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، وفاقی وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کا تاریخی استقبال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے قوم کے دشمن ہیں، طاہر القادری کی طرح عمران کی سیاست کاسورج بھی غروب ہونیوالا ہے، حکومت اپنے پانچ سال ہر صورت میںپورے کرے گی اور آئندہ بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ملک گیر کامیابی حاصل کریگی۔ وفاقی وزیر نے بھارت کی کنٹرول لائن کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہماری امن پسندی اور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا واز فائرنگ کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا ایک طرف پاکستان حالت جنگ میں ہے اور دشمن حملے کررہا ہے جبکہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک میں انتشار کی سیاست کررہے ہیں اور عوام کو ریاست کے خلاف ورغلا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن