واشنگٹن(آن لائن+بی بی سی) ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون 1946 کو نیویارک میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1968 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے اکنامکس میں گریجویشن کیا۔ 1970 کی دہائی میں محکمہ انصاف نے ٹرمپ آرگنائزیشن پر فیئر ہازنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا، جس کے ذریعے اقلیت کو ان کی عمارتیں کرائے پر لینے سے روکا گیا۔1971 میں انہوں نے اپنے والد فریڈ ٹرمپ کی رئیل سٹیٹ اور کنسٹرکشن کمپنی کا کنٹرول سنبھالا جس کا نام بعد میں بدل کر دی ٹرمپ آرگنائزیشن رکھا۔ڈونلڈ ٹرمپ دی ٹرمپ آرگنائزیشن کے صدر اور چئیرمین ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی دولت کا اندازہ 4ا رب ڈالرز تک ہے۔ دیگر کمپنیوں کے تعمیراتی منصوبوں کی اشتہاری مہم میں اپنا نام بطور فرنچائز استعمال کرنے کا معاوضہ بھی لیتے رہے ہیں۔"ٹرمپ ٹاور"بھی ان کی پہچان بنا جو20 کروڑ ڈالر مالیت کے اپارٹمنٹ اور آڑھت کے کاروبار پر مشتمل ایک تنصیب ہے۔ نیو جرسی میں ایٹلانٹک سٹی میں کیسینوز کی تعمیر کی وجہ سے بھی، ٹرمپ کو شہرت ملی۔ پہلے ٹرمپ پلازا، پھر ٹرمپ کیسل اور پھر تاج محل تعمیر کیا جس پر ایک ارب ڈالر خرچ آئے۔ 1990 میں جب جائیداد کی مارکیٹ کریش ہوئی، تو ان کی ملکیت 1.7 ارب ڈالر سے گِرکر50 کروڑ ڈالر رہ گئی۔ ذرائع ابلاغ میں انھیں "دی ڈونالڈ" سے پہچانا جانے لگا۔ انھوں نے اپنی پہلی بیوی اوانا کو طلاق دی جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ بعد میں انھوں نے مارلہ میپلز سے شادی کی اور طلاق دی۔ ٹرمپ نے 2005 ءمیں اپنی موجودہ بیوی سلووینا سے تعلق رکھنے والی ماڈل ملانیا سے شادی کی۔ ان کے ریئلٹی ٹی وی شو دِی اپرنٹس نے ٹرمپ کو ایک اداکار کا درجہ دیا۔ 2006 اور 2014 میں نیویارک سٹیٹ کی گورنر شپ کی دوڑ میں بھی کودتے کودتے رہ گئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 13سال کے تھے تو ان کے والد کو ان کے کمرے میں ایک بٹن سے کھلینے والا چاقو ملا اور انہوں نے فوراً ان کی اصلاح کے لئے انہیں ملٹری سکول روانہ کر دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ بیس بال ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے اچھے کھلاڑی ثابت ہوئے۔ انہوں نے 1964ءمیں سکول سے فارغ ہونے کے بعد گلیمر کی دنیا سے بہت زیادہ متاثر ہونے کے سبب ان کے ذہن میں فلم سکول جانے کا خیال مچلنے لگا۔ لیکن انہوں نے فورڈ ہم یونیورسٹی میں داخلہ لیا اور پھر دو سال بعد پینسلوینیا یونیورسٹی کے وارٹن بزنس سکول منتقل ہو گئے۔ٹرمپ کے لئے1990ءکی دہائی ان کی اہلیہ سے بہت ہی مہنگی طلاق پر ختم ہوئی کیونکہ انکی اہلیہ کو ان کے معاشقے کا علم ہو گیا تھا۔ جون 1999میں ڈونلڈ ٹرمپ کے والد فریڈرک کرائسٹ ٹرمپ 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ورثے میں انہوں نے تقریباً 250 سے300 ملین ڈالر چھوڑے۔ سنہ1999ءمیں بھی انہوں نے ریفورم پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کی بھر پور کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپر و نفری ان کی بہترین نائب صدارتی امیدوار ہوں گی۔اپنی شادی کے چار ماہ بعد ہی ٹرمپ نے متنازع تعلیمی ادارہ ٹرمپ یونیورسٹی متعارف کروایا ۔ اس یونیورسٹی میں گریجوئیٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام آفر کیے جاتے تھے جن میں ٹرمپ کی مالیاتی کامیابی کے راز سکھانے کا دعویٰ کیا گیا۔ طلبہ کی جانب سے مقدمات کے پیش نظر اس یونیورسٹی کو بند کر دیا گیا۔
ٹرمپ کرن
ٹرمپ 1946ءمیں پیدا ہوئے، اکنامکس میں گریجویشن کی ،4ارب ڈالر کے مالک ہیں
Nov 10, 2016