علامہ اقبالؒ کا 140 واں یوم ولادت عقیدت و احترام سےمنایا گیا

Nov 10, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) حکیم الامت شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر اقبالؒ کا 140 واں یوم ولادت لاہور سمیت ملک بھر میں جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ سیمینارز کانفرنسوں اور تقاریب میں مقررین نے علامہ اقبالؒ کی شاعری‘ فلسفہ اور دو قومی نظریے پر روشنی ڈالی اور قرار دیا کہ علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل کر کے پاکستان کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر متعدد سیاسی و سماجی تنظیموں نے کیک بھی کاٹے۔ لاہور میں علامہ اقبالؒ کا مزار سارا دن سرگرمیوں کا مرکز رہا۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے قبل ازیں یہ فرائض رینجرز کا دستہ سرانجام دے رہا تھا۔ گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور ساجد محمود شہزاد تھے۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

مزیدخبریں