اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹی وی پر کہانیاں سنانے والو ں کا مقابلہ کر نا جانتے ہیں، محض ساڑھے چار سال کی انتہائی کم مدت میں 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی ہے، انجینئرنگ اور انجینئرز کی ترقی کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اگر انجینئرز اپنی ذمہ داریوں سے بہتر طور پر عہدہ برا ہوں تو مسائل حل کرنے میں آسانی ہو گی، سی پیک بھی انجینئرنگ پراجیکٹ ہے‘ اس حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کو نسل قائدانہ کردار ادا کرے۔ وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے زیراہتمام سالانہ انجینئرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا وزیر دفاع ‘ وزیر داخلہ و منصوبہ بندی، وزیر تعلیم اور کئی دیگر اعلی عہدوں پر بھی اس وقت انجینرز تعینات ہیں‘ ان پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ان سے بہتر طور پر عہدہ برا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان انجینرنگ کونسل ماضی میں سیاست کی نذر رہی لیکن اب یہ ادارہ فعال ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب مسلم لیگ (ن) حکومت قائم ہوئی تو اس وقت وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے پیٹرولیم کا قلمدان سونپا جو میرے لیے حیران کن تھا تاہم دو ہفتے میں ہی مجھے احساس ہوگیا کہ ملک میں اضافی گیس نہیں لائیں گے تو توانائی کا بحران ختم ہونے والا نہیں ہے‘ اس حوالے سے بہت سے لوگوں نے تنقید کی تاہم تنقید سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ہم نے اس پر کام کیا اور آج ان اقدامات کے نتیجے میں توانائی بحران پر قابو پالیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ صورتحال چیلنج تھی، ٹی وی پر لوگ جو کہانیاں سناتے ہیں‘ ان سب کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 70 سالوں میں 17ہزار میگار واٹ بجلی بنائی گئی اور ہماری حکومت نے محض ساڑھے چار سال کی انتہائی کم مدت میں 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے نیوکلیئر ٹیکنالوجی ڈویلپ کی ہے اور دنیا کے چند ممالک ہی ایسا کر سکے ہیں، اس میں زیادہ کام انجینئرز کا ہے‘ ہم اگر یہ کر سکتے ہیں تو دیگر شعبوں میں معیاری کام کیوں نہیں کرسکتے۔ جمعرات کو ’’ابھرتا پاکستان‘‘ اقدام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی، جہاں دوسرے ناکام ہو گئے، پاکستان مختلف زبانوں اور ثقافتوں پر مشتمل خوبصورت ملک ہے، پاکستان میں کاروبار کے بے پناہ مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند سال میں پاکستان کے متوسط طبقے کی تعداد 10کروڑ ہو جائے گی، پاکستان میں کنزیومر مارکیٹ میں تیزی سے اضافہ ہو ہا ہے، پاکستان کی کنزیومر مارکیٹ 8.3فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے، پاکستان میں کام کرنے والی کوئی ایسی کمپنی نہیں جس نے کبھی نقصان اٹھایا ہو، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی، پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور میڈیا متحرک ہے، کچھ سال قبل کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر قرار دیا جا رہا تھا، آج کراچی میں امن بحال ہو چکا ہے، آج کراچی اتنا ہی پر امن ہے جتنا نیویارک ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شرح نمو میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، افراط زر کی شرح کم ہے، ایکسپو کراچی سے کاروباری سر گرمیاں مزید تیز ہوں گی، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ابھرتا پاکستان اچھا اقدام ہے، جو بھی حکومت ہو پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا، پاکستان میں کاروبار کے بے پناہ مواقع ہیں۔