کھربوں لوٹنے والوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں شفاف احتساب دفن ہوچکا :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک علیحدہ وطن کے حصول کی تحریک پیدا کی اور ان کے خواب کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں عظیم جدوجہد کے نتیجے میں عملی تعبیر ملی۔ ان کے افکار کی روشنی میں قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ یہ سوالیہ نشان ہے۔ اور یہی سوال پوری قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔ گزشتہ 70 برس میں علامہ اقبالؒ کے اشعار اور فلسفہ کے بارے میں بے شمار مقالے لکھے گئے اور تقاریر کی گئی ہیںلیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ غریب، بیوہ، یتیم اور بے سہارا افراد کی حالت زار بدلنے کے لئے کچھ نہ کیا گیا۔ ہمیں دیکھنا ہوگا امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنے کیلئے کیا کوشش کی گئی؟ کرپشن اور قومی وسائل کی لوٹ مار نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، ہر طرف چھینا جھپٹی ہے۔ ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہے کہ کرپشن کی روک تھام کے لئے کیا تدابیر اختیار کی گئیں۔ پاکستان میں شفاف احتساب کا عمل دفن ہو چکا ہے اورشفاف احتساب کا عمل ختم ہو چکا ہے۔ ملک میں اقربا پروری، سفارش اور رشوت چلتی ہے۔ احتسابی عمل ایسا ہونا چاہیئے جو شفاف اور بے لاگ ہو۔ علامہ اقبالؒ کی ولولہ انگیز شاعری، افکار اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد اور فرمودات ہونے کے باوجود ہم پستی کا شکار ہیں اور غریب عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، انصاف اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہیں۔ منزل کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹیں تساہل، کرپشن کلچر، غیر منصفانہ احتسابی عمل، میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری ہے۔ محنت، امانت اور دیانت کے اصول ہی علامہ اقبالؒ کی شاعری کا نچوڑ ہیں اور ہماری منزل کے حصول کا ذریعہ بھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت کو لوٹنے والے کرپٹ اشرافیہ کہلاتے ہیں جبکہ ایماندار اور دیانتدار کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ملک کے اربوں کھربوں کے وسائل لوٹے گئے اور کوئی ان کا نام نہیں لیتا اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، حالانکہ سب کو ان کا علم ہے۔ پیراڈائز لیکس میں برطانیہ کے شہزادے چارلس کا نام آیا ہے تو پوری دنیا کے میڈیا میں اس کا چرچا ہے جبکہ پاکستان میں غریب قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کا کوئی ذکر نہیں کرتا۔ اگر ہمارا یہی حال رہا تو تاریخ میں ہمارا نام و نشان نہ رہے گا۔ اگر ہماری یہی چال اور ڈھال رہی تو یہاں احتساب ہوگا نہ تاریخ میں ہمارا نام، لہٰذا ہمیں مل کر اس سفر کو محنت، دیانت اور امانت کے ذریعے ترقی کے سفر میں بدلنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیے یوم اقبالؒ کے موقع پر عہد کریں کہ پاکستان کو قائدؒ و اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے او رملک سے کرپشن، اقربا پروری اور ناانصافی کا خاتمہ کریں گے۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس منزل کی جانب بڑھ رہی ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ ہماری حکومت نے شفافیت، میرٹ اور برق رفتاری سے منصوبوں کی معیاری تکمیل کا کلچر پروان چڑھایا ہے۔ پاکستان میں الزام تراشی اور افرا تفری کی نہیں بلکہ صرف خدمت کی سیاست کامیاب ہو گی۔ پاکستان کا تیزی سے طے ہوتا ہوا ترقی کا سفر مخالفین پر بجلی بن کر گر رہا ہے۔ ملک کی تیز رفتار ترقی سے عوام کی خوشحالی کے دشمنوں کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ شہباز شریف نے فیصل آباد کے نواحی علاقے کے سکول میں بچوں پر تشدد کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن اور سیکرٹری ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...