اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے نئی حلقہ بندیوں پر پارلیمانی جماعتوں کے رہنمائوں کے درمیان ڈیڈ لاک کے بعد مردم شماری پر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 13 نومبر کر طلب کرلیا ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس13نومبر کو دن بارہ بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا جس میں شرکت کے لئے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا گیا ہے۔اجلاس میں مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں پر ڈیڈ لاک پر بات چیت ہوگی جبکہ اجلاس میں وزارت قانون، خزانہ، بین الصوبائی رابطہ، شماریات اور منصوبہ بندی کے سیکرٹریز بھی شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی رہنمائوں کے چار اجلاس ہوئے اور چاروں اجلاس بے نتیجہ رہے۔یاد رہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس میں کوئی حل نہ نکالے جانے کے بعد پیپلزپارٹی نے اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کا مشورہ دیا تھا، تاہم سپیکر نے اس تجویز کو مسترد کردیا تھا۔
حلقہ بندیاں :صوبوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے مشترکہ مفادات کو نسل کا اجلاس پیر کو طلب
Nov 10, 2017