وزیر قانون نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر مستعفی ہوں: احسن اقبال

Nov 10, 2017

اسلام آباد (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے دھرنے کے شرکاءکا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر قانون نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر وہ مستعفی ہوں ہماری کوشش ہے طاقت کا استعمال نہ ہوتا ہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو انتظامیہ مناسب کاروائی کرے گی ، ہمیں علامہ اقبال کے پیغام کی روشنی میں عہد کرنا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں اور زیادہ محنت کرنی ہے آج پاکستان لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں اور دہشتگردی کے گرداب سے نکل چکا ہے، پاکستان ابھر رہا ہے تو کسی ستیاناس اور بیڑا غرق کی گنجائش نہیں ہے،ان خیالات کا اظہاروزیر داخلہ احسن اقبال نے یوم اقبال کے حوالے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ بات چیت سے معاملات طے پا جائیں۔ دھرنے والوں سے مذاکرات چل رہے ہیں امید ہے کہ کوئی حل نکل آئے گا انہوں نے کہا کہ وزیر قانون نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر وہ مستعفی ہوں۔ کل ڈیڑھ سو افراد کھڑے ہو کر میرے استعفٰے کا مطالبہ کریں گے۔ جہاں ہر روز دہشتگردی کا نشانہ بن کر درجنوں لاشیں گرتی تھیں آج اس پاکستان میں امن کے سائے پھیل رہے ہیں ۔ وہ پاکستان جس کی معیشت مردہ ہوچکی تھی اس کی معیشت کو عالمی دنیا کہہ رہی ہے کہ اس نے ہائی سطح پر شرح نمو حاصل کیا ہے۔ چیلنجز سے نپٹنے کے لیے اقبال کی فکر سے رہنمائی حاصل کرنی ہے۔ اقبال نے ایک طرف فکر کی تعلیم دی اور دوسری طرف خودی کا پیغام دیا۔
احسن اقبال

مزیدخبریں