اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری توحید کا لافانی پیغام ہے جس سے انسانی سوچ غلامی کی قید سے نجات پاکر خودی کی اعلی منزلیں طے کرتی ہے۔ مفکر پاکستان کے پیغام کو اپنی روح اور کردارمیں بسانا ہوگا۔ قومی شاعر علامہ اقبال کے140 ویں یوم پیدائش تقریبات کے سلسلے میں علامہ اقبال کی نادرتصاویر کی نمائش کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری محض شاعری نہیں بلکہ حرکت و عمل کا ابدی پیغام ہے۔ علامہ اقبال نے خودی جدو جہداور محبت کا پیغام دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اقبال کے تخیل نے عام جغرافیائی سرحدوںکومٹا کر انسانی فکر کو دانائی، حکمت اور زندگی کے نئے پیمانے عطا کئے ہیں۔دنیا کے ہر گوشے میں رہنے والا اقبال کے پیغام سے راہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔ اہل پاکستان کے لئے یہ باعث فخر ہے کہ علامہ کاتعلق اس پاک سر زمین سے ہے۔