لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نئی روایت قائم کر دی۔ وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ آفس اور وزیراعلیٰ ہا¶س کے گریڈ ایک سے 21 تک کے افسروں اور عملے کے اعزاز میں فرشی تقریب کا اہتمام کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عملے اور افسروں کے پاس جا کر فرداً فرداً ان سے خود ہاتھ ملایا اور احوال دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عملے اور افسروں کے ساتھ لان میں زمین پر بیٹھے اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ہی کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ کی سادگی اور عوامی انداز دیکھ کر عملے اور افسروںنے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ تقریب میں خواتین افسر اور اہلکاربھی شریک تھیں۔ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب صرف وزیراعلیٰ آفس کے ملازمین اور افسروں کے اعزاز میں ہے ۔ اپنے گھرانے کو اپنے گھر ہی دعوت دی جاتی ہے اور میں نے آج اپنے گھرانے کو بلایا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری سے نائب قاصد تک سب ایک ساتھ زمین پر بیٹھے ہیں۔ ہم تبدیلی کے دعوے نہیں کرتے بلکہ تبدیلی لا کر دکھاتے ہیں اور پروٹوکول کلچر کو بھی تبدیل کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ آفس میں کام کرنے والے میرے دست و بازو ہیں۔ افسروں اور ماتحت عملے نے تین ماہ کے دوران انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا ہے اور میںآپ کی محنت اور صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ سٹاف سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور ہماری حکومت آپ کے مسائل بھی حل کرے گی۔ بے پناہ مصروفیات کے باعث میں آبائی گھر نہیں جا سکا، اب آپ ہی میری فیملی کی طرح ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انشاءاللہ ہم پنجاب کو پائیدار ترقی دے کر حقیقی تبدیلی لائیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔ پنجاب بدلے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر افسروں اور ملازمین کیلئے اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ یہ تقریب” ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود وایاز“ کا عملی نمونہ ہے۔ ملازمین اور افسروں کی طرف سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔ عثمان بزدار نے پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کو فنڈز کی ادائیگی کے معاملے کا نوٹس لیتے فنڈز کی ادائیگی کیلئے سمری کی منظوری دے دی ہے۔ قبل ازیں عثمان بزدار نے یوم اقبالؒ کے موقع پر علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلی نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
عثمان بزدار