سیالکوٹ(نامہ نگار) یوم اقبال پر شاعر مشرق حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی جائے پیدائش "اقبال منزل" سیالکوٹ میں صبح سے لیکر رات گئے تک وزیٹرز کا تانتا بندھا رہا۔ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کے علاوہ مختلف سماجی و مذہبی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے گھر کا دورہ کیا اور ان کے گھر میں رکھی اشیا کو دیکھا اور ان میں گہری دلچسپی لی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک علی ذوالقرنین اعوان، ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سعدیہ مہر، ایڈیشنل ایس پی عون محمد، سینئر سول ججز شاہد حمید، طارق بشیر اور اکرم رانجھا، میئر ایم سی ایس توحید اختر، ڈپٹی میئر چوہدری بشیر احمد، ڈی ایس پی سٹی عرفان سلہریا، صدر ایوان صنعت تجارت خواجہ مسعود اختر، نائب صدر عامر بھٹی ، وقاص اکرم، ڈی او ایمرجینسی سید کمال عابد، سابق چیئرمین سیال ملک محمد اشرف، چیئرمین بزم ادب شمیم خان لودھی اور انچارج اقبال منزل ریاض حسین نقوی کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کیک کاٹے گئے، سکول کی بچیوں نے کلام اقبال پیش کیا۔ خصوصی دعا کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سعدیہ مہر اور میئر توحید اختر نے ریلی کی شکل میں علامہ اقبال کے والدین کی قبروں پر حاضری دی فاتحہ پڑھی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔