لاہور(وقائع نگار خصوصی)عدلیہ اور فوج مخالف بیان بازی کرنے پر تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر راہنمائوں اورجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست مقامی شہری شبیر اللہ کی جانب سے دائر کی گئی۔ جس میں وفاقی حکومت اور وزرات داخلہ کوفریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خادم حسین رضوی اور مولانا فضل الرحمان نے مسلسل عدلیہ اور پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی۔ عوام کو پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف اکسایا۔ آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت اداروں کے خلاف بیان بازی کرنا واضح طور پر غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت آئین شکنی کرنے پرخادم حسین رضوی،افضل قادری، وحید نوراور مولانا فضل الرحمن کے خلاف غداری کی کارروائی کا حکم صادر کرے۔