کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے شروع کرینگے:عبدالعلیم خان

Nov 10, 2018

لاہور(خبر نگار )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوڑے کرکٹ سے توانائی اور بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے شروع کریں گے جن کےلئے چین سمیت غیر ملکی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ویسٹ کی ڈمپنگ کے نقصانات سے بچنے کے علاوہ اُسے پیداواری استعمال میں لایا جا سکے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے بیورو گروپ کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے مختلف سیکٹرز میں چین سے تعاون کے خواہاں ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھول رہا ہے اور انشاءاللہ آنے والے دنوں میں دو طرفہ تعاون اور چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،عبدالعلیم خان نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھاری کمیشن کےلئے چینی کمپنیوں کو بدنام کیا گیا لیکن اب صاف اور شفاف انداز میں کام ہوگا اور چین سمیت دیگر ملکوں کو پیشکش کریں گے کہ وہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کےلئے آگے آئیں اور ٹھوس اور دیرپا ترقی کےلئے کام کریں ۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے چینی وفد کو پیشکش کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کے علاوہ کم لاگت کے رہائشی منصوبوں ، انفرا سٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بھرپور اعتماد کے ساتھ کام کریں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

مزیدخبریں