لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐکو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ محسن انسانیت حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔ حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آپ ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔ عثمان بزدار سے ارکان قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد محبوب سلطان اور محمد امیر سلطان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک برس کے دوران صوبے کی پائیدار ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے اورعوام کو ریلیف دینے کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیا ہے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری ہے۔ مجھے سب سے زیادہ اپنے صوبے کے عوام کا مفاد عزیز ہے اور عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرتار پورراہداری کا منصوبہ وزیراعظم کا تاریخ ساز اقدام ہے اورکرتار پور راہداری حکومت پاکستان کا سکھ برادری کے لئے بے مثال تحفہ ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد کے بارے میں فیصلہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اس فیصلے سے انصاف کا قتل ہوا ہے اور مسلمانو ںکی دل آزاری ہوئی ہے۔ عثمان بزدار نے باٹا پور کے علاقے میں 2 گروپوں کے مابین فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئین شپ جیتنے پر محمد آصف کو مبارکباد دی ہے۔