اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی رحمت اللعالمین کانفرنس کے انعقاد کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری براہ راست انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے وفود کے خیرمقدم کے لئے بھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ایک خصوصی دستاویزی پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے جو اس موقع پر نشر کیا جائے گا۔ بین الاقوامی رحمت اللعالمین کانفرنس (آج) اتوار کو یہاں کنوینشن سینٹر میں منعقد ہو گی جس میں قومی و بین الاقوامی وفود شرکت کریں گے۔ کانفرنس سے معروف علمائے کرام اور نعت خوان آقا دو جہاں حضور نبی اکرم کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے انعقاد میںخصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حضور کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں اور تعلیمات کے بارے میں لکھے جانے والے تحقیقی مقالوں کی خود حوصلہ افزائی کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گے جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اختتامی تقریب کی صدارت کریں گے۔