اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور بائیکو پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ (بی پی پی ایل) نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس سے گاڑیاں دھونے کے لئے سروس اسٹیشنز پر پانی کے ضیاع کوکم جاسکے گا۔ یو این ڈی پی کے حکام نے کہا ہے کہ سروس اسٹیشنز پر استعمال شدہ پانی کی ری سائیکلنگ کے لئے کم خرچ اور جدید ترین پلانٹ تیار کیا گیا ہے جس سے 5 ہزار لیٹر پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آبی قلت کے مسائل کا سامنا ہے اور گاڑیاں دھونے والے سٹیشنز پر پانی کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے جس سے پانی ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ری سائیکلنگ کی سہولت سے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے گا اور اس کو ری سائیکل کرکے بار بار قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیکو نے اپنے ریٹیل آئوٹ لیٹس پر اس سہولت سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں اداروں نے مفاہمت کی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کئے ہیں جس سے ملک بھر میں بائیکو اسٹیشنز پر گاڑیاں دھونے کے لئے واٹر ری سائیکلنگ پلانٹ کی تنصیب کی جائے گی۔ بائیکو کے نائب صدر اظفر سعید بیگ نے کہا ہے کہ یو این ڈی پی سے شراکت داری خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر میں بائیکو کے ریٹیل آئوٹ لیٹس پر ری سائیکلنگ پلانٹس نصب کریں گے جس سے آبی وسائل کی بچت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یو این ڈی پی کے ساتھ مستحکم شراکت داری کے لئے پر امید ہیں تاکہ پائیدار ترقی کی شق 6 آبی بچت کو یقینی بنایا جاسکے۔
سروس سٹیشنزپرپانی کا ضیاع روکنے کیلئے یواین ڈی پی،بی پی پی ایل میں مفاہمتی یادداشت
Nov 10, 2019