بابری مسجد کی زمین5 سوسال سے مسلمانوں کی تسلیم شدہ ملکیت ہے، اعتزاز

Nov 10, 2019

لاہور (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء اور قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بابری مسجدکی زمین پانچ سوسال سے مسلمانوں کی تسلیم شدہ پراپرٹی ہے، پچھلے 100سال میں بھی بھارتی سپریم کورٹ نے ہفتے کوکوئی فیصلہ نہیں سنایا ہوگا، لیکن بھارتی سپریم کورٹ پر دھبہ ہے، کہ چھٹی کے روز ہفتے کو بابری مسجد پراپرٹی کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد کی پراپرٹی کا فیصلہ تو بالکل غلط لگتا ہے، جب عدالت میں جائیداد سے متعلق کیس جاتا ہے ، تو عدالت میں پہلا سوال یہ ہوتا ہے کہ پراپرٹی کا اس وقت مالک کون ہے؟ دوسرا سوال یہ ہوتا ہے کہ پراپرٹی کو کتنا عرصہ ہوگیا کہ پراپرٹی خالصتاً آپ کے پاس ہے اور آپ کی ہے۔ بابرنے 1526 سے 1530ء تک حکومت کی ، تب سے ایک تسلسل کے ساتھ یہ پراپرٹی مسلمانوں کی ملکیت میں رہی ہے، یہ بھی تسلیم شدہ ہے کہ یہ پراپرٹی مسلمانوں کے پاس تھی۔ بابری مسجد کی پراپرٹی کیس کے بحث کے آغاز میں بات کی جاتی ہے کہ یہ مسجد بابر نے بنائی تھی۔ اگر پونے پانچ سوسال سے یہ ایک تسلیم شدہ پراپرٹی ہے توپھر کسی بھی صورت اس کا قبضہ ہندوؤں کو نہیں دیا جاسکتا۔ اگر مندر کی کوئی بنیاد نکل بھی آئے پھر بھی یہ زمین نہیں دی جاسکتی تھی، یہ تومسلمانوں نے کوئی چھپ چھپا کر قبضہ نہیں کیا تھا۔ مسلمانوں کے پاس نظرثانی اپیل دائرکرنے کی آپشن ہے، اپیل میں کرتارپورکو بھی جوڑا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں