لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد علی درانی کا کہنا ہے امریکی عوام نے ٹرمپ کو شکست دے کر جہالت، نفرت اور جھوٹ کی سیاست کا باب بند کر دیا ہے۔ اب پاکستان اور بھارت کے عوام کو بھی نفرت اور جہالت کی سیاست بند کرنا ہو گی، تاکہ خطے کے عوام ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پر چل سکیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ بحیثیت صدر امریکہ جو بائیڈن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے نفرت آمیز، متشددانہ رویوں کو روکنے کے لیے اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غدار اور آزاد میڈیا کو ملک دشمن قرار دینے والے بد دماغ اور جاہل لیڈروں کی اب دنیا کو ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے دنیا کو درپیش نفرت کی جنگ عظیم سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی امریکی صدر کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔