باکو (نوائے وقت رپورٹ+ انٹرنیشنل ڈیسک)آذربائیجان نے اپنی سرحد کے قریب روس کا جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا. جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق آذربائیجان نے اپنی سرحد کے قریب روس کے جنگی ہیلی کاپٹر ایم آئی 24 کو ائیر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ آذربائیجان اورآرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے مسلسل جانی نقصان سامنے آرہا ہے۔ دونوں افواج نے ایک دوسرے کے طیارے گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے جنگی ہیلی کاپٹر کو آذربائیجان کے پہاڑوں میں محصور خودمختار علاقے ’ناخچیوان خود مختار جمہوریہ‘ میں گرایا گیا جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ دوسری جانب آذربائیجان نے غلطی سے روسی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا اعتراف کرلیا ہے اور اس واقعے پر معذرت بھی کی ہے۔ ترجمان آذری کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’آرمینیا کی سرحد کے قریب روسی جنگی ہیلی کاپٹر کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا جس پر ہم معذرت خواہ ہیں، قبول کی جائے۔ یہ ایک افسوس ناک حادثہ ہے اور اسے روس کیخلاف کوئی اقدام نہ سمجھا جائے‘۔
آذربائیجان نے روسی جنگی ہیلی کاپٹرمارگرایا، عملے کے 2ارکان ہلاک
Nov 10, 2020