قندھار(شِنہوا)افغانستان میںٹرک بم دھماکے اور طالبان کی مارٹر شیلنگ کے نتیجے میں 22افراد جاں بحق اور 56زخمی ہوگئے۔مقامی پولیس کے مطابق قندھار کے ضلع میوند میں ایک بڑے ٹرک بم دھماکے میں 14افراد ہلاک اور49دیگر زخمی ہوگئے۔ضلعی پولیس اہلکار نے نام ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے شِنہوا کو بتایا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب دھماکہ خیز مواد سے بھرا ٹرک چلانے والے حملہ آور نے ایک ہائی وے پولیس کیمپ کے باہر گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس مہلک دھماکے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں کیمپ کی عمارت، متعدد قریبی مکانات اور دکانیں تباہ ہو گئی ہیں۔ مقامی حکام نے طالبان کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ مشرقی صوبہ غزنی کے دارالحکومت غزنی شہر کے پولیس ضلع 6 میں طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے 3 مارٹرگولے فائر کیے جانے کے بعد 8 خواتین اور بچے ہلاک ، 4 بچے اور 3 خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔مشرقی صوبہ پکتیا میں اتوار کے روز دیر سے ہی صوبائی دارالحکومت گردیز شہر کے پولیس ضلع 3 میں ایک تھانے پر حملے کی کوشش کرنیوالے خودکش کار بمبار نے پولیس کی جانب سے روکنے اور اس کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد کار میں نصب بم کو دھماکے سے اڑا دیا۔دھماکے میں حملہ آور مارا گیا اور دھماکے کے نتیجے میں ایک مسجد ، متعدد گھروں اور تھانے کے حصوں کو نقصان پہنچا تھا۔