کراچی (نیوز رپورٹر)قادری اینڈ قریشی فائونڈیشن کے چیئر مین حاجی محمد اشرف قادری نے پرچم کشائی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے رسول ﷺ صادق اور امین ہیں امتیوں کو بھی امانتدار اور دیانتدار بننا ہوگا۔آپﷺ عفو در گزر اور سخاوت کا رویہ رکھتے تھے۔امتیوں کو چاہیے کہ آپ کی بے مثل تعلیمات کو اپنائے جب معاشرے میں زندگی کا کوئی بھی شعبہ ہو دیانتداری اور امانتداری پر صدق دل سے عمل کیا جائے تو دنیا اور آخرت میں سرخرو ہونگے اور اگر اس کے برعکس ہم تعلیمات مصطفوی ﷺ سے دور ہوئے اور آپ ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں کو بھولے تو تباہی اور بربادی ہمارا مقدر بن جائیگی اور اہل دنیا ہم پر اعتبار اور اعتماد کرنے سے گریز کرے گی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع سنت نبویﷺ پر دل و جان سے عمل کرنے کا عہد کریں ۔ حاجی محمد اشرف قادری نے تقریب پرچم کشائی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خالق کائنات کا ہمیشہ سے یہ اصول رہا ہے کہ جب کبھی انسانوں کی حالت زار آخری حدو ںتک پہنچ جاتی ہے تو وہ کسی مسیحا کو بھیج دیتا ہے اور پھر کرہ ارض کی سب سے قیمتی ساعت طلوع ہوئی رب کعبہ نے ایک ایسا مسیحا اعظم بھیجا جس کی ایک جنبش چشم سے صدیوں کی بیمار اور پیاسی روحوں کو سیراب کیا۔