لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ بڑھنے لگی

Nov 10, 2020 | 11:30

ویب ڈیسک

لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کا مسئلہ سنگین ہو گیا ہے اور صوبے کے مختلف شہروں میں ائیر کوالٹی انڈیکس 400 سے بھی تجاوز کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح اس بار بھی سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی اسموگ  کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ، گزشتہ  دو تین سال سے اسموگ میں اضافہ ہوا ہے،  2016 میں اسموگ سے پاکستان اوربھارت  کے بڑے شہر متاثر ہوئے۔  پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور اور اس کے گردو نواح میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں گہری اسموگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہروں میں شام کے اوقات میں اسموگ کی شدت بڑھ جاتی ہے ۔
فضائی آلودگی سے متعلق ڈیٹا فراہم کرنیوالے ادارے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں آج  صبح 9 بجے ائیر کوالٹی انڈیکس457 رہا ہے جو اس وقت سب سے زیادہ ہے جبکہ لاہور 424 ائیر کوالٹی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ فضائی آلودگی  میں  مستقل طور پر بڑے عالمی شہروں کی درجہ بندی میں  لاہور سرفہرست ہے۔ لاہورمیں آئندہ ایک ہفتے میں ائیرکوالٹی انڈکس 302 سے 442 تک رہنے کا امکان ہے۔اس کے بعد رائے ونڈ ، مرید کے ، ملتان ،راولپنڈی بھی اسموگ فہرست میں درجہ بدرجہ موجود ہیں ۔
فضائی آلودگی اوراسموگ کی بڑی وجوہات میں گاڑیوں اورفیکٹریوں سے نکلنے والادھواں،  ٹریفک ،درختوں کی  کمی ، اینٹوں کے روایتی بھٹوں سے نکلنے والا دھواں، گردوغبار، فصلوں کی باقیات کولگائی جانیوالی آگ اورکیمیکل فیکٹریوں کادھواں شامل ہے۔ یہ پھیپھڑوں، ہائی بلڈ پریشر اور ذہنی بیماریوںسمیت مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ ماہرین صحت  ماسک کے استعمال کے ساتھ ساتھ خاص طور پر بچوں اور ضعیف افراد کو گھر کے اندر رہنے اور زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ۔ 

مزیدخبریں