صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی خواتین کو قومی دھارے میں لانے اور انہیں ملازمت کی جگہ پر بہترین ماحول فراہم کئے بغیر ممکن نہیں،صوبائی حکومت تمام محکموں میں کام کرنے والی خواتین کے نوزائیدہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ڈے کیئر سنٹر قائم کر رہی ہے جس سے بچوں کی اچھی نگہداشت کے ساتھ ساتھ خواتین کے کام کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا - انہوں نے یہ بات آج ویمن ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے دفتر میں محکمانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔-صوبائی وزیر نے محکمانہ کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہاکہ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خواتین کی سہولت کے لئے ڈے کیئر سنٹرز ترجیحی بنیادوں پر بنائے جا رہے ہیں جن کے ایک سال تک اخراجات بھی محکمہ برداشت کرے گا -انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور اپنی تعلیم سے معاشرے کو فائدہ دیں -سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ عنبرین رضا نے بتایا کہ محکمہ اب تک صوبہ بھر میں 2سو سے زائد ڈے کیئر سنٹرز بنا چکا ہے اور جس ادارے میں بھی ایسے سنٹرز کی ضرورت ہو انہیں یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے -انہوں نے بتایا کہ ان سنٹرز میں بچوں کے لئے کارٹون،ان ڈور گیمز اور دوسری تفریحی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تا کہ بہترین ماحول اور تربیت مل سکے -صوبائی وزیر نے اس موقع پرسٹاف کوبہترین محکمانہ کارکردگی پر سرٹیفیکیٹ بھی دئیے انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں پیشہ وارانہ کارکردگی میں مقابلے کی فضا پیدا کرنے اور بہترین پرفارمنس کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری محکموں کے اعلی افسران اپنے قابل اورایمان دار سٹاف کی صلاحتیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ اسموقع پرڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ سجیلہ نوید اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔