لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے ’’انسدادِ بدعنوانی ‘‘ کے موضوع پر پنجاب میں جاری مقابلہ جات میں آج سرگودھا ڈویژن کے طلباء و طالبات کے مابین تقریری، مضمون نویسی اور پینٹنگ کے مقابلوں کا انعقاد امبالہ مسلم کالج، سرگودھا اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج، میں مقابلوں میں ڈائریکٹر سرفراز احمد اور نیب لاہور کی ڈپٹی ڈائریکٹر نے مہمانِ خصوصی کے فرائض سر انجام دئیے۔ تقریری، مضمون نویسی اور پینٹنگ کے مقابلوں میں شریک طلباء و طالبات نے ’’رشوت ستانی تمام برائیوں کی جڑ ہے‘‘، ’’کفائیت شعاری رشوت سے دوری سکھاتی ہے‘‘ کے علاوہ ’’رشوت سے پاک معاشرہ ہمارا نصب العین‘‘ اور ’’Corruption Free Society is our Aim‘‘، "Corruption is a root cause of all Evils" کی عنوانات پر اپنے خیالات کا بھرپور انداز میں اظہار کیا۔ کارڈ بورڈز پر دلکش رنگوں کی مدد سے بدعنوانی کے خلاف نئی نسل کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا پیغام انتہائی مہارت سے دیا گیا۔ مہمان خصوصی نے کہا ان مقابلہ جات کے انعقاد کا بنیادی مقصد نا صرف نئی نسل میں بدعنوانی جیسے ناسور کیخلاف شعور بیدار کرنا ہے بلکہ ایسے مقابلوں کے ذریعے بدعنوانی کے معاشرے پر بدنما اثرات سے آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔ طلباء و طالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی تباہی کیلئے لازمی نہیں ایٹم بم یا کسی میزائل کا استعمال کیا جائے بلکہ اس ملک و قوم کے نظام تعلیم کے معیار کو پستہ کرتے ہوئے اور امتحانی نظام میں نقل کے عمل کو فروغ دے کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسطرح اس نظام میں تخلیق ہونیوالے ڈاکٹروں کے ہاتھوں مریض جان کی بازی ہاریں گے۔ عمارتیں ایسے انجینئروں کی ناکس انجینئرنگ کے باعث تباہ ہونگی، اس ملک کی اکانومی ایسے اکاؤنٹنٹس کے ہاتھوں برباد ہو گی اور انسانیت ایسے لیڈرز کے ہاتھوں نشان عبرت بن جائے گی۔ مزید یہ کہ ایسا ناکام ایجوکیشن سسٹم نظامِ عدل کی تباہی کا بھی سبب بنے گا۔ غرض یہ کہ نظام تعلیم کی تباہی پوری قومی کی تباہی کی بنیاد ہو گی۔ نیب لاہور اور صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے پنجاب کے21 اضلاع میں ہونیوالے تمام مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلباء و طالبات کے نتائج کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد موقع پر ہی اعلان کر دیا گیا جبکہ عالمی ِ انسدادِ بدعنوانی ڈے (منعقدہ 9 دسمبر) کو ہونیوالی مرکزی تقریب میں نیب لاہور کیجانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے ان طلباء و طالبات کو کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائیگا۔