اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں زیر سماعت نور مقدم قتل کیس میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے متعلق دستاویزات میں سے فوٹیج ٹرانسکرپٹ کے اہم شواہد سامنے آگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج ٹرانسکرپٹ کے مطابق ڈی وی آر کیمرے کا وقت پاکستانی ٹائم سے 35منٹ ایڈوانس ہے۔ کیمرہ کے مطابق 18 جولائی کو رات10 بجکر 18منٹ پر نور مقدم فون سنتے ملزم کے گھر داخل ہوئی۔ 19جولائی رات 2 بجکر41 منٹ پر نور مقدم انتہائی گھبراہٹ، خوف میں ننگے پاؤں گیٹ کی طرف بھاگ کر آتی ہے اور چوکیدار افتخار گیٹ کو بند کرتا نظر آتا ہے۔ اس دوران ظاہر ذاکر گھر سے جلدی میں گیٹ پر آ کر نور مقدم کو دبوچ لیتا ہے۔ نور مقدم ہاتھ جوڑ کر ظاہر ذاکر کی منت سماجت کرتی نظر آتی ہے۔ ظاہر ذاکر اس کی پرواہ نہ کرتے ہوئے نور مقدم کو زبردستی کھینچ کر گھر کے اندر لے جاتا ہے۔ مین گیٹ پر افتخار چوکیدار اور گھر کے صحن میں ہے کالے رنگ کا کتا بھی نظر آتا ہے۔20 جولائی کو شام 7 بجکر12 منٹ پر نور مقدم فرسٹ فلور سے چھلانگ لگا کر گراؤنڈ فلور کی گیلری کے ساتھ لگے جنگلے پر گرتی نظر آتی ہے۔ نورمقدم باہر جانا چاہتی ہے۔ گیٹ پر چوکیدار افتخار اور مالی گیٹ بند کرتے نظر آتے ہیں۔ ظاہر ذاکر گھر کے فرسٹ فلور کے ٹیرس سے چھلانگ لگا کر گرائونڈ فلور پر آتا نظر آتا ہے۔ ظاہر ذاکر دوڑ کر نور مقدم کو پکڑ کر گیٹ پر بنی کیبن میں بند کرتا نظر آتا ہے۔ موبائل فون چھین لیتا نظر آتا ہے۔ ظاہر ذاکر نور مقدم کو کیبن سے نکال کر گھر کے اندر زبردستی گھسیٹ کر لے جاتا نظر آتا ہے۔ 20 جولائی 8 بجکر6منٹ پر تھراپی ورکس کی ٹیم گھر کے گیٹ سے اندر آتی ہے۔ تھراپی ورک ٹیم 8 بجکر 42منٹ پر گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتی نظر آتی ہے۔ 8 بجکر 55 منٹ پر تھراپی ورکس ایک زخمی کو گھر سے باہر گیٹ کی طرف لے جاتے نظر آتے ہیں۔
عدالت میں نورمقدم کو گھسیٹنے‘ دبوچنے کی ویڈیو پیش‘ چوکیدار تماشائی
Nov 10, 2021