کے پی کے نجی میڈیکل کالجز کے ہائوس جاب ڈاکٹرز کو ماہانہ وظیفہ دینے کا حکم


اسلام آباد( خصوصی رپورٹر ) سپریم کورٹ نے کے پی کے نجی میڈیکل کالجز کے ہاوس جاب ڈاکٹرز کوگورنمنٹ کالجز کے مساوی ماہانہ وظیفہ دینے کا حکم دے دیا. عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی درخواست مسترد کر دی. جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا نجی میڈیکل کالجز کو ہاوس جاب ڈاکٹرز کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے. سپریم کورٹ میں خیبرپختونخواہ میں نجی میڈیکل کالجز میں ہاوس جاب ڈاکٹرز کے ماہانہ وظیفے سے متعلق کیس چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی. جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا پی ایم سی ایکٹ میں پرائیویٹ کالجز کو سرکاری کالجز کے مساوی ماہانہ وظیفہ دینے کا کہا گیا ہے. نجی میڈیکل کالجز 10، 10 ، فیسز لیتے ہیں اور وظیفے دیتے وقت کتراتے ہیں. نجی میڈیکل کالجز کو 43 ہزار کے بجائے 46 ہزار ماہانہ دینے میں کیا قباحت ہے؟ پی ایم سی قوانین کے تحت تمام میڈیکل کالجز کے لیے اپنا اسپتال بنانے اور ماہانہ وظیفے دینا لازم ہے. سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی درخواست مسترد کر دی. پشاور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کے ہاوس آفیسرز کو گورنمنٹ کالجز کے برابر ماہانہ وظیفہ دینے کا حکم دیا تھا. نجی میڈیکل کالجز نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا.

ای پیپر دی نیشن